ضلع اٹک میں بھی ماڈل پولیس سٹیشن سٹی کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی ملک جمشید الطاف ، ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید شہزاد ندیم بخاری بھی ہمراہ تھے
اٹک: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے پنجاب کے دیگر اضلاع میں 29 پولیس سٹیشن کی طرح ماڈل پولیس سٹیشن سٹی اٹک کا افتتاح بذریعہ ویڈیو لنک کیا۔ وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان کے وژن کے مطابق ماڈل پولیس سٹیشن اٹک جس میں تھانہ میں جدید (ڈی آر سی ) (تنازعہ حل کمیٹی)ہال ، فرنٹ ڈیسک ،ماڈرن پولیس خدمت مرکز کی طرز کے کاونٹرز،ویٹنگ روم،کارپوریٹ کیومیٹک ڈیوائسسز اور جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے درخواست سے ایف آئی آر تک کے عمل کو منیٹر کیے جانے کا افتتاح کیا گیا۔
۔ عوامی نوعیت کے مسائل کے حل کے لیےڈی آر سی (تنازعہ حل کمیٹی )کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں پولیس اور مقامی عمائدین ان کیمرہ مقامی مسائل کو حل کیا جائے گا ۔ماڈل پولیس سٹیشن سٹی اٹک کی افتتاحی تقریب پنجاب بھر کے دیگراضلاع کی طرح تھانہ سٹی اٹک میں منعقد ہوئی ۔تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید شہزاد ندیم بخاری ، ڈی سی اٹک علی عنان قمر ،ڈسٹرکٹ بار پریزیڈنٹ ملک اسرار، اراکین و صوبائی اسمبلی ، اور ضلع بھر سے ڈی ایس پی/ ایس ڈی پی اوصاحبان نے شرکت کی۔ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے معزز مہمان ،مقامی عمائدین اور صحافی حضرات کو ماڈل تھانہ میں کی جانے والی اصلاحات کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ ان اصلاحات کا بنیادی مقصد وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور آئی جی پی پنجاب شعیب دستگیر کے ویژن کے مطابق تھانہ کلچر کو ختم کرنا اور عوام کو جدید سہولیات سے آراستہ کار پوریٹ سٹائل میں ماڈل تھانوں میں ایک اچھا ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان حائل فاصلوں کو کم کر کے کمیونٹی پولیسنگ کو ترویج دی جا سکے۔ مہمان خصوصی ملک جمشید الطاف ممبر صوبائی اسمبلی و دیگر مہمانان گرامی نے پنجاب پولیس کی اس کاوش کو تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
