گیدڑ چوک اور ستار چوک کا تجاوزات کیخلاف آپریشن ملتوی

آپریشن کے دوران دکان مالکان رجسٹریاں اور نقشہ جات لے کر چیف آفیسر کے پاس پہنچ گئے جس پر انہوں نے آپریشن موَخرکر دیا
اٹک (اٹک نیوزمانیٹرنگ ڈیسک)کلین اینڈ گرین مہم کے دوران ضلعی صدر مقام کے سب سے متنازعہ علاقہ گیدڑ چوک اور ستار چوک کا تجاوزات کے خلاف آپریشن ایک بار پھرالتواکاشکار ،ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر کی ہدایت پر چیف آفیسر عمران سندھو اور انچارج تجاوزات بلدیہ اٹک سردار اسد علی خان ہیوی مشینری کے ساتھ آپریشن کیلئے پہنچے تو قبضہ مافیا نے قبضہ کی ہوئی جگہ کو اپنی ملکیتی اراضی ظاہر کیا اور کاغذات پیش کیے اور جس پر بلدیہ اٹک کے افسران نے ناجائز تجاوزات کے خلاف لائی گئی ہیوی مشینری واپس بھیجتے ہوئے آپریشن موَخر کر دیا اور اس سے قبل ایک درجن سے زائد مرتبہ آپریشن موَخر کیے جا چکے ہیں ۔
تجاوزات کے خاتمے سے روڈ وسیع ہونے سے روزانہ 50 ہزار افراد مستفید ہوں گے اور کاروبار کے لحاظ سے بھی یہ علاقہ انتہائی کاروباری علاقہ بن جائے گا تاہم اب روڈ بند ہونے کے سبب کئی شہری دوسرے راستے استعمال کرتے ہیں آپریشن کے دوران بلدیہ اٹک کا عملہ اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی آپریشن کے دوران دکان مالکان رجسٹریاں اور نقشہ جات لے کر چیف آفیسر کے پاس پہنچ گئے جس پر انہوں نے آپریشن موَخر کرتے ہوئے متاثرہ مالکان اور پنجاب ہائی وے کے افسران کو بلدیہ اٹک میں طلب کر لیا ہے جہاں دونوں فریقین کا موَقف سن کر آپریشن کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔
