کم وسائل کے باوجود مسائل حل کرنے میں کوشاں ہیں، اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال
منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی میں عوام کی مدد کی ضرورت ہے، عدنان انجم راجہ اور اے ایس پی عمارہ شیرازی کا کھلی کچہری سے خطاب
حسن ابدال( نمائندہ اٹک نیوز)کرپشن کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔6 ماہ میں 40 لاکھ روپے کا پرانا قرضہ اتار دیا ہے۔منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی میں عوام کی مدد کی ضرورت ہے۔عوام تعاون کریں اس شہر کو مثالی شہر بنا دیں گے۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال عدنان انجم راجہ اور اے ایس پی عمارہ شیرازی نے ایم سی ہال حسن ابدال میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے پولیس اور ایم سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مختلف تجاویز اور مسائل کو سامنے لایا گیا جس پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر عدنان انجم راجہ کا کہنا تھا کہ حسن ابدال کے عوام تعاون کرنے والے لوگ ہیں جن کی مدد سے کم وسائل کے باوجود علاقائی مسائل حل کرنے میں کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک کا مسلہ حل کرنے کے لیے پولیس کی مدد سے اشرف شہید روڈ اور احمد دین خان روڈ کو ون وے کیا جا رہا ہے۔ جبکہ راستوں میں موجود تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا یے۔انہوں نے بتایا کہ 6 ماہ میں 40 لاکھ روپے کا پرانا قرضہ ایم سی نے ادا کیا یے اور کرپشن کا راستہ بند کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں موجود عمارتیں جو کمرشل استعمال کی جا رہی ہیں اس کی کمرشل فیس وصول کی جائے گی ورنہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اے ایس پی عمارہ شیرازی نے کہا کہ پولیس عوام کے تعاون کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔عوام سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کر کے اپنا فرض ادا کریں۔انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جا رہی ہے اور ہر ماہ بڑی تعداد میں منشیات برآمد کرتے ہوئے مقدمات کا اندراج کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں ٹریفک اہلکاروں کی مری میں خصوصی ڈیوٹی کے باعث عملے میں کمی کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں سائلین ہمارے پاس آئیں ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ ہر ہفتہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوامی مسائل حل کرنے میں مدد مل سکے۔
