حسن ابدال، بار ایسوسی ایشن کی صدارت کیلئے دو امیدوار مد مقابل 

حسن ابدال، بار ایسوسی ایشن کی صدارت کیلئے دو امیدوار مد مقابل 

موجودہ صدر سجاد حیدر اعوان اور آصف خان ایڈووکیٹ میدان میں ،دیگر تمام عہدیداران بلا مقابلہ منتخب 

حسن ابدال( اٹک نیوز مانیٹرنگ ڈیسک) بار ایسوسی ایشن حسن ابدال کے انتخابات! صدارت کے لیے موجودہ صدر سجاد حیدر اعوان اور آصف خان ایڈووکیٹ میدان میں موجود جبکہ دیگر تمام عہدیداران بلا مقابلہ منتخب کر لیے گئے۔صدر کے لیے دونوں امیدواروں کے درمیان پنجہ آزمائی 11جنوری کو ہو گی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھرکی طرح بار ایسو سی ایشن حسن ابدال کے انتخابات کا عمل بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔الیکشن بورڈ چیئر مین طارق محمود خان اور ممبران سائزہ کاظمی اور سعید گل خٹک پر مشتمل ہے ۔بار ایسو سی ایشن حسن ابدال کے انتخابات میںصدر کے علاوہ تمام عہدیدارن بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں 

 

جن میں نائب صدر سیدہ فرحت جبین ،جنرل سیکرٹری سید اسد عباس نقوی ،جوائنٹ سیکرٹری چوہدری علی مراد ،فنانس سیکرٹری سلیم خان، سیکرٹری لائبریری نائلہ کوثر،ایڈیٹر سمیرا ملک شامل ہیں جبکہ صدارت کے لیے سابق صدر سجاد حیدر اعوان اور آصف خان ایڈووکیٹ کے درمیان پولنگ 11جنوری بروز ہفتہ ہو گی جو صبح 9بجے سے شام 4بجے تک جاری رہے گی جبکہ حتمی نتائج کا اعلان شام 5 بجے کیا جائے گا۔ دریں اثناء گذشتہ روز ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر ملک غلام مصطفی کندوال۔جنرل سیکرٹری ملک فیصل خان۔جوائنٹ سیکرٹری فرزانہ عزیز راجہ۔نائب صدر سید حسنین کاظمی نے بار ایسو سی ایشن حسن ابدال کا دورہ کیا اور بار کے ممبران اور عہدیداران سے ملاقات کی۔ انہوں نے بار ایسو سی ایشن حسن ابدال کو نو تعمیر شدہ ہال کی تعزین و آرائش کے لیے ایک لاکھ روپے کا چیک بھی موجودہ صدر سجاد حیدر اعوان ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری شہباز ملک کے حوالے کرتے ہوئے ان کی بار ایسو سی ایشن حسن ابدال کے لیے خدمات کو سراہا اور امید کااظہار کیا کہ حالیہ انتخابی عمل کو احسن طریقہ سے پورا کیا جائے گا اور بار کے نو منتخب عہدیداران بار کی مضبوطی اور وکلاء کی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔