یونین کونسل جبی کی اضافی آبادی بجلی کی سہولت سے محروم

یونین کونسل جبی کے دیہات پنڈ نیازی ، بٹھو ، کوٹ زیندی اور گردو نواح اس جدید دور میں بھی بنیادی سہولت سے محروم ہیں
اٹک ( ڈیلی اٹک نیوزویب ) یونین کونسل جبی کے دیہات کی اضافی آبادی اس جدید دور میں بھی بجلی جیسی سہولت سے محروم ، متعدد بار سیاسی سماجی شخصیات سے مطالبات کے باوجود کئی دیہات کی بجلی منظور ہونے پر حکومتی شخصیت ہی روڑے اٹکانے لگی یونین کونسل جبی کے دیہات پنڈ نیازی ، بٹھو ، کوٹ زیندی اور گردو نواح کی اضافی آبادیوں کے مکینوں حافظ نصرت علی خان ، محمد بشارت ، ممریز خان ، راجہ مظہر اقبال ، محمود خان ، ظہور احمد ، نزاکت ، واجد خان ، منظور خان ، چاچا رب نواز ، محمد خالد ، رفاقت علی ، محمد مقصود اور دیگر نے ایک وفد کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈھوک مٹھیال بٹھو ، ڈھوک بشارت پنڈ نیازی، کوٹ زیندی اور قرب وجوا ر کی اضافی آبادیاں 70 سالوں سے قائم ہیں تاہم اس جدید اور ترقی یافتہ دور میں بھی بجلی جیسی نعمت سے محروم چلی آرہی ہیں ۔
حلقہ کے منتخب عوامی نمائندوں سے بار بار مطالبات کے باوجود ان آبادیوں کو بجلی نہیں دی گئی میجر طاہر صادق جو دوسرے حلقہ سے منتخب رکن قومی اسمبلی ہیں نے کچھ آبادیوں کی بجلی منظور کرائی تاہم ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت روڑے اٹکا رہی ہے یہ علاقہ تحریک انصاف کا گڑھ ہے تمام دیہات سے تحریک انصاف کے امیدوار جیتے ہیں ان لوگوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اصلاح احوال کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔
