فالکنز کے شکار کیلئے باقاعدہ قانون سازی کرینگے ، ملک امین اسلم

پاکستان فالکنز کے شکار کیلئے باقاعدہ قانون سازی کریگا اور عقاب کا شکار کرنے والے افراد کی مکمل حوصلہ افزائی کے ساتھ عوام میں اس کی آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھی کردار ادا کریں گے،وفاقی وزیر
حضرو (ڈیلی اٹک نیوزویب )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک ا مین اسلم نے حضرو کے نواحی قصبہ قبلہ بانڈی میں تین روزہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فالکنز کے شکار کیلئے باقاعدہ قانون سازی کرے گا اور عقاب کا شکار کرنے والے افراد کی مکمل حوصلہ افزائی کے ساتھ عوام میں اس کی آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھی کردار ادا کریں گے، بیرون ملک غیر قانونی طریقے سے بھیجے جانے والے ان پرندوں کیلئے قانون سازی کر کے سخت ایکشن لیں گے پاکستان میں بیس قسم کے لوکل عقاب پائے جاتے ہیں جن کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ بھی ہے۔
تیس قسم کے مزید اقسام کے عقاب سائبیریا اور دوسرے ملکوں سے یہاں ہجرت کر کے آتے ہیں اور مخصوص قسم کے پرندے ہی انکا شکار ہوتے ہیں ہم نے ان پرندوں کو یہاں پر حفاظت فراہم کرنی ہے تا کہ بیرون سائبیریا و دیگر ممالک سے آنے والے ان پرندوں کو بہتر ماحول مل سکے آج کا یہ ایونٹ جس میں ملک سمیت بیرونی دنیا کے شکاری اور شوق رکھنے والے لوگ شامل ہیں چھچھ کی دھرتی حضرو قبلہ بانڈی میں ان کو خوش آمدید کہتے ہیں ملک کے کونے کونے خصوصاً پشاور، چترال، خانپور، چکوال اور پنجاب بھر سے شکاری افراد اور شوق رکھنے والے لوگوں کا یہاں آنا ہمارے لیئے باعث فخر ہے اس قسم کی سرگرمیوں سے ملکی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور پاکستان کا امیج دنیا میں بہتر انداز سے سامنے آئے گا۔
