آٹا بحران خاص لوگوں کو نوازنے کیلئے پیدا کیا گیا، شیخ آفتاب احمد

آٹا بحران خاص لوگوں کو نوازنے کیلئے پیدا کیا گیا، شیخ آفتاب احمد

 تین سو کنال کے گھر میں مقیم صرف دو افراد کا لاکھوں روپے کی تنخواہ میں بھی گزارہ نہیں ہو سکتا تو پندرہ ہزار کی ماہانہ آمدن والے لوگ کس طرح زندگی گزار رہے ہوں گے، سابق وفاقی وزیر

اٹک(ڈیلی اٹک نیوز ویب) سابق وفاقی وزیر و سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ تین سو کنال کے گھر میں مقیم صرف دو افراد کا لاکھوں روپے کی تنخواہ میں بھی گزارہ نہیں ہو سکتا تو پندرہ ہزار کی ماہانہ آمدن والے لوگ کس طرح زندگی گزار رہے ہوں گے۔ جو زرعی ملک گندم میں خود کفیل ہے اس میں آٹے کا بحران کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے اب چینی کے بحران کی خبریں بھی گردش میں ہیں۔ درحقیقت یہ ساختہ بحران کچھ خاص لوگوں کو نوازنے کے لئے پیدا کیا گیا ہے جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ محدود وسائل میں اخراجات پورے کرنا سفید پوش لوگوں کے لئے ممکن نہیں رہا۔ بجلی، گیس کے نرخوں میں بے پناہ اضافے سے لوگ تڑپ اٹھے ہیں۔ ملکی معیشت اس قدر بدتر ہو چکی ہے کہ اب اس کو واپس بہتری کی طرف لانے کے لئے بھی کئی سال درکار ہوں گے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جو اس قوم کے مسیحا بن کر خدمت کر رہے تھے ان کے خلاف آپ نے چور چور کا ڈرامہ رچایا کر بدنام کیا اور تبدیلی کے نام پر لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا آج ہر شخص اپنا سر پیٹ رہا ہے کہ یہ تبدیلی تھی جس کے لئے قوم کے مسیحا نواز شریف اور خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو چور کہا گیا اور ان پر کرپشن کے جھوٹے الزامات عائد کئے گئے۔

 

 آج بین الاقوامی سروے رپورٹس کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس کرپشن میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے یہی سروے جب کہہ رہے تھے کہ نواز شریف کی حکومت میں کرپشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے تب آپ چیخ چیخ کر قوم کو گمراہ کر رہے تھے کہ یہ پیسے دے کر رپورٹ بنوائی گئی ہے اگر ایسا تھا تو آج آپ بھی رپورٹ اپنے حق میں بنوا لیتے لیکن حقیقت یہ ہے کہ سچ سامنے آ کر رہتا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت میں کسی کے خلاف بھی کبھی انتقامی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ خدمت خلق کو ہی ترجیح دی گئی یہی وجہ تھی کہ پاکستان ترقی کے سفر پر گامزن تھا اور ہر طبقہ خوشحال تھا پھر آپ کی تبدیلی نے پورے ملک جو تباہی مچائی اس نے ہر شخص کو متاثر کیا۔ آپ نے خدمت کی سیاست کو ترک کر کے انتقامی سیاست کو اپنایا شاید یہی ایجنڈا تھا جس کی تکمیل سے آپ اپنے اقتدار کو طول دے سکتے تھے۔ آپ شریف خاندان کے بغض میں اخلاقی پستی میں اس حد تک چلے گئے کہ بیٹی کو بیمار والد کی تیمارداری سے محروم رکھا ہوا ہے۔ نواز شریف مرد ہونے کے ناطے مضبوط اعصاب کے مالک ہیں لیکن مریم نواز کے دل پر کیا گزری ہو گی جب بستر مرگ پر ماں کو الوداع کہا ہو گا اور آج بیمار والد سے دور رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کو اب پوری قوم تسلیم کرتی ہے کہ اس ملک کی ترقی و خوشحالی کے ضامن شریف برادران ہیں اور مستقبل میں مریم نواز اور حمزہ شہباز اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔