جنڈ،‘‘تبدیلی عوام کو رلانے لگی’’چند سو میں آنیوالے گیس بل ہزاروں میں آنے لگے

بلوں میں بےتحاشہ اضافہ کیخلاف جنڈ شہر میں احتجاج،مظاہرین کا اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
جنڈ (ظفر اقبال/ ڈیلی اٹک نیوز) جنڈ کے عوام کا حالیہ آنے والے گیس کے بے تحاشہ بلوں کے خلاف پریس کلب جنڈ کے باہر شدید احتجاج ، سماجی کارکن محمد شریف بھٹی اور محسن عباس نے مظاہرین کی طرف سے موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ گیس کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ اہلیان جنڈکے ساتھ سخت زیادتی اور بے انصافی ہے غریب عوام پرگیس بلوں کی مد میں بے تحاشہ اضافہ کے جو پہاڑ گرائے گئے ان کی ادائیگی سے اکثر لوگ قاصر ہیں جن لوگوں کے بل سینکڑوں آتے تھے ان کے بل کئی ہزاروں میں آئے ہیں بلوں پر موجود ریڈنگ کی تصاویر بھی واضح نہیں ہیں کہ پتہ چل سکے کہ کتنی یونٹس استعمال ہوئی ہیں ۔گیس یہاں کی مقامی پیداوار ہونے کے باوجود غریب عوام پر یہ ظلم نامنطور ہے۔
ہم انتظامیہ سے یہ مطالبہ کرتے ہیں سات تاریخ سے پہلے بلوں میں شامل ظالمانہ اضافے کو واپس لیا جائے ورنہ ہم سڑکوں پہ نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے ، ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ یہاں سے ٹھیکیداری نظام ختم کر کے سوئی گیس محکمہ کاباقاعدہ عملہ تعینات کیا جا ئے یہاں پر کوئی میٹر بھی پچاس ،ساٹھ ہزار روپے سے کم پر نہیں لگتا ،ہم ڈی سی اٹک اور مقامی سیاسی ذمہ دار نمائندوں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے ۔
