عوام اور پولیس میں دوستانہ ماحول ،ڈی ایس پی حضرو کا بازار کا دورہ

حضرو(ڈیلی اٹک نیوز) ڈی پی او اٹک خالد ہمدانی کی سربراہی میں پولیس کے مثبت رویئے دیکھنے کو مل رہے ہیں عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا ماحول پیدا ہوچکا ہے ۔
ڈی پی او اٹک کی خصوصی ہدایات پر عوام الناس اور پولیس میں دوریاں ختم کرنے دوستانہ ماحول پیدا کرنے کیلئے ڈی ایس پی حضرو سرکل محمد اسلم ڈوگر ہمراہ لیڈر آفتاب نے آج پیدل حضرو شہر کی مختلف بازار مارکیٹس کا دورہ کیا۔اور عوام سے ان کے مسائل پوچھتے رہے۔ ڈی ایس پی حضرو اسلم ڈوگر کو اپنے درمیان دیکھ کر لوگوں میں ایک عجیب سی محبت محسوس کی گئی ۔ ڈی ایس پی کو طلبا نے بھی گھر لیا اور ان سے آٹو گراف لئے جبکہ اس موقع پر انہوں نے طلبا کو اپنا موبائل فون نمبر اپنے ہاتھوں سے لکھ کر دیا اور کہا کہ اپنے والدین کو بھی یہ نمبر دیدیں خدانخواستہ کوئی مسئلہ ہو تو میں ہمیشہ حاضر ہوں ، انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کیلئے مفید ثابت ہوں ۔
ڈی ایس پی کا عوام میں گھل ملنے میں غور طلب بات یہ ہے کہ شہری خاصے مطمئن تھے شاید یہ پولیس کے مثبت رویئے پر عوام کے اعتماد کا اظہار تھا-اس موقع پر ڈی ایس پی حضرو سرکل اسلم ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کا خادم ہوں۔اور اگر کسی کو کوئی مسئلہ ہو تو وہ مجھ سے بغیر کسی سفارش ڈائریکٹ رابطہ کرے میرا وعدہ ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرونگا۔پولیس کے اس مثبت رویئے کی بنا پر عوام نے ڈی ایس پی حضرو سرکل محمد اسلم ڈوگر کو گلے سے لگایا جو کیمرہ کی آنکھ لمحہ بہ لمحہ محفوظ کرتی رہی۔پولیس کا نیا روپ دیکھ کر آپ بھی خوشگوار احساس میں ضرور ڈوب جائیں گے۔
