مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے کشمیریوں کو ازخود کردار ادا کرنا پڑیگا،بیرسٹر سلطان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے کشمیریوں کو ازخود اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا اور اس سلسلے میں میں نے جو سیئز فائر لائن توڑنے کی کال دی ہے ا س موقع پر دونوں اطراف کے کشمیری ملکر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے سیئز فائر لائن کو دیوار برلن کی طرح روند ڈالیں گے۔ پاکستان کی موجودہ حکومت سے تو ہمیں کوئی توقع نہیں اسلئے کشمیری خود میدان عمل میں نکلیں اور اگلے سال سیئز فائر لائن کو توڑ کر ایک نئی تاریخ رقم کریں۔ بھارتی فوج سیئز فائر لائن پر آئے روز خلاف ورزیاں کرکے بے گناہ لوگوں کو شہید و زخمی کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاںاسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں سابق مشیر و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سردار عنایت اللہ عارف کی قیادت میں جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیئز کے ایک بھرپوروفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیئز کے چیف آرگنائزر عبدالطیف عباسی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو کمیونٹی اوورسیئز کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ اس موقع پراس موقع پر پر وفد میں پیپلز پارٹی حاجی وزیر،،جماعت اسلامی کے سردار عارف خان، حافظ مظہر اور دیگر جماعتوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر عبداللطیف عباسی نے اور وفد کے دیگر اراکین نے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی سیئز فائر لائن کو توڑ نے کی حمایت کرتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں ایک کانفرنس بھی بلانا چاہتے ہیں جس میں غیر ملکی سفارتکاروں کو مدعو کرکے مسئلہ کشمیر سے روشناس کرایا جائے گا بلکہ ہم آزاد کشمیر میں بھی بہتری کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وہ اس سلسلے میںکسی بھی کانفرنس کے لئے جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیئز سے تعاون کریں گے۔ مسئلہ کشمیر کے حل اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کے لئے انکی کوششیں جاری رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں سیئز فائر لائن کو توڑنے کا بڑا قدم اٹھانا پڑے گا کیونکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تو لازوال قربانیاں دی ہیں۔اب ہمیں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
