فاروق حیدر کی زیر قیادت 5فروری کا جلسہ نئی تاریخ رقم کریگا،افتخار ایوب

دھیرکوٹ (راجہ انعام الحق خان) سابق امیدوار اسمبلی و مرکزی نائب صدرمسلم لیگ ن راجہ افتخار ایوب نے کہا ہے کہ کشمیری عوام یومِ یکجہتی کے موقع پر میاں محمدنوازشریف کی آمدپر ان کے استقبال کیلئے کشمیری قوم دیدہ دل فرش راہ کئے ہوئے ہیں، تاریخی استقبال کیلئے پورے آزادکشمیرمیں جوش وخروش اور عوام میاں نوازشریف کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں، قائدپاکستان میاں نوازشریف کے کشمیریوں پر بے پناہ احسانات ہیں،5فروری کاجلسہ ایک نئی تاریخ رقم کریگا اور آزادکشمیرکے عوام وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان کی قیادت میں میاں نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال کرکے ثابت کریںگے کہ کشمیری عوام میاں نوازشریف کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، ان خیالات کااظہارانہوںنے کارکنان کی مختلف کارنر میٹنگز میں خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوںنے کہاکہ جس دن سے میاں نوازشریف نے مظفرآباد آنے کااعلان کیاکشمیروں کے حوصلے بلندہوئے ہیں ، ان کی5فروری کے موقع پر آزادکشمیرآمد کا پیغام بھارت کو بھی جائیگا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ اپنے مکروہ عزائم میں نامراد ہوگا۔ 5فروری کو پوری دنیا پر واضح ہوگا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ان کا آپس میں جسم وروح کا رشتہ ہے ،بھارت کی ہٹ دھرمی زیادہ دیرتک قائم نہیں رہ سکتی اور کشمیر ی قوم آزادی کے منزل کے حصول میں کامیاب ہوگی۔ میاں نوازشریف کی بیس کیمپ آمد کے دورس نتائج برآمدہوںگے اورمسئلہ کشمیر کو ایک نئی جہت ملے گی۔