مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مزید 8کشمیری نوجوان شہید،جھڑپوں میں ایک فوجی اہلکار ہلاک

سرینگر(کے ایم ایس)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی
ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں گزشتہ دودن کے دوران سرینگر ، کپواڑہ اوربارہمولہ کے اضلاع میں آٹھ اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے تین نوجوانوںکوآج سرینگر کے علاقے ہمہامہ میںتلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔پانچ نوجوانوں کو کپواڑہ اور بارہمولہ کے اضلاع کے علاقوں ٹنگڈار اور اوڑی میں شہید کیاگیا۔اس سے قبل آج صبح سویرے نامعلوم مسلح افراد نے سرینگر ائیر پورٹ کے قریب قائم بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے کیمپ میں داخل ہو کر بارڈر سیکورٹی فورس کے ایک اہلکار کو ہلاک اور تقریبا چھ کوزخمی کردیا۔ مسلح افراد اور فوجیوںکے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروںنے ائیر پورٹ کی طرف جانیوالے تمام راستوں کی ناکہ بندی کررکھی ہے جبکہ ائیرپورٹ سے تمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ضلع پلوامہ میں بھی ایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک کانسٹیبل ہلاک ہو گیا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ محبوبہ مفتی کی سربراہی میںبھارت نواز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کشمیرمیںہندو انتہا پسند بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے فسطائی ایجنڈے پر عمل درآمد کیلئے سہولت کار کا کرادار دا کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر کے بھارت کے ساتھ انضمام کے بارے میں بی جے پی اور آر ایس ای کے درمیان خفیہ معاہدہ ایک سنگین معاملہ ہے ۔ حریت چیئرمین نے افسوس ظاہر کیاکہ گھٹیا عناصر محض اقتدار کی خاطر مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔تحریک حریت جموں وکشمیر نے ایک بیان میںسینکڑوں حریت رہنمائوں ،کارکنوں اور نوجوانوںکی مسلسل نظربندی کوبدترین ریاستی دہشت گردی اور سیاسی انتقام قراردیا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے انسانی حقوق کمیشن نے قابض انتظامیہ کو غیر قانونی طورپر نظربند دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی فہمیدہ صوفی کو امپھالہ جیل جموں سے سرینگر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیشن نے یہ ہدایت جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی طرف سے دائر کی گئی ایک درخواست پر دی ہے۔ دریں اثناء بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور بھارت کے سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا نے حیدر آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموں وکشمیر کو ایک سیاسی مسئلہ قراردیا اور اسے پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیاہے۔ انہوںنے مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کو واپس بیرکوں میں جانے کا بھی مشورہ دیا۔