پانچ ارکان اسمبلی نے ختم نبوت بل پر دستخط نہیں کئے،فاروق حدر کا انکشاف

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ)مرکزی سیرت کمیٹی جہلم ویلی ہٹیاں بالا کے زیراہتمام ایک روزہ عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان تھے جبکہ تقریب کی صدارت ممبرآزادکشمیر اسمبلی وسجادہ نشین آستانہ عالیہ بساہاں شریف پیرسیدعلی رضا بخاری نے کی جبکہ تقریب سے وزیراطلاعات ونشریات مشتاق منہاس،وزیرمال سردارفاروق سکندر،ممبراسمبلی ڈاکٹرمصطفی بشیر،سجادہ نشین دربار عالیہ سکندریہ صاحبزادہ پیرفیاض کاظمی،صدرسیرت کمیٹی قاضی محمد ابراہیم چشتی،سینئر نائب صدر سیرت کمیٹی علامہ سیدمحمداسحاق نقوی،بانی چیف کوآڈنیٹرسیرت کمیٹی سیداحسان الحسن گیلانی،ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل محمد فریدخان،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ قاضی شمیم اعوان،علامہ قاضی محمدفہدچشتی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ممبران اسمبلی نے ختم نبوت بل پر دستخط نہیں کیے جس کا افسوس ہے، انہیں یہ سعادت نصیب نہیں ہوئی اقتدار آنی جانی چیز ہے مگرختم نبوتۖ کا بل پاس کر کے ممبران اسمبلی اور کابینہ نے جو کارنامہ سرانجام دیا وہ تاریخ کے سنہری حروف میں لکھا جائیگا۔ مجھ سے پہلے بھی اسمبلی میں بڑی قدآور شخصیات گزری ہیں مگر اللہ تعالیٰ نے یہ اعزاز مجھے دیاکہ ہم نے حکومت بناتے ہی سب سے پہلی آئینی ترمیم جو کی وہ ختم نبوت کا بل پاس ہونا ہے اور یہی میرے اور کابینہ کیلئے نجات کا ذریعہ بنے گا۔بل کی منظوری کیلئے پیر سید علی رضا بخاری اور راجہ محمد صدیق خان نے پہلی اینٹ رکھی۔ مجھے یقین ہے کہ ختم نبوت ۖ بل کی منظوری سے میری والدہ محترمہ،سردارعبدالقیوم ،منشی علی گوہر خان، میجر(ر) محمد ایوب کی ارواح یقیناًخوش ہوئی ہونگی۔ ختم نبوت ۖ بل کو اسمبلی سے پاس کروانے والے لوگوں کا شمار آزادکشمیر کی پارلیمانی تاریخ کے خوش قسمت ترین لوگوں میں ہوتا ہے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اللہ رب العزت کا شکرگزار ہوں جس نے ہم سے یہ کام لیابل کی منظوری ہمارے لیے باعث سعادت ہے، رب کریم نے موجودہ اسمبلی کو اس سعادت کے لیے منتخب کیا،آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی سے ختم نبوتۖبل کی منظوری کا کریڈٹ تمام اراکین اسمبلی اور کونسل کو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں یہ سعادت بھی بخشی کہ شریعت کورٹ کے قیام کے حوالے سے بھی ہم نے متفقہ فیصلہ کیا، اللہ اور اس کے رسول ۖ کی خوشنودی کیلئے اور بھی جو کر سکے کرینگے۔ اللہ رب العزت ہم سب کو حضور ۖکا حقیقی معنوں میں سپاہی بنا کر انسانی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔تقریب میں سجادہ نشین آستانہ عالیہ سکندریہ فیاض حسین کاظمی و دیگر مقررین نے قانون ساز اسمبلی سے ختم نبوت ۖ بل کی منظوری پر وزیر اعظم آزادکشمیر، سپیکر اورپیر علی رضا بخاری، راجہ محمد صدیق خان سمیت تمام ممبران کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں
وکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے تحصیل ہٹیاں بالا میں اپنی زمین کا فردانتخاب نکوا کر کمپیوٹر ائزڈ اراضی ریکارڈ سنٹر کا افتتا ح کر دیا۔اس منصوبہ سے آزادکشمیرکے تینوں ڈویژنز میں جدید سہولیات سے مزین کمپیوٹر ائزڈ اراضی ریکارڈ سنٹر کا قیام اور سروسز کا باقاعدہ اجراء کر دیا گیا ہے۔یہ منصوبہ ڈیجیٹل گورننس کی جانب عملی قدم ہے۔اس منصوبہ پر 164.376ملین روپے لاگت آئے گی۔ جس کے تحت تین تحصیلوں ہٹیاں،دھیر کوٹ اور ڈڈیال کا لینڈ ریکارڈ مکمل طور پر کمپیوٹر ائزڈ کر دیا جائے گا۔ابھی تک منصوبہ کے تحت 235موضع جات کے 378424افراد کی اراضی کار یکارڈ کمپیوٹر ائزڈ کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیرنے گزشتہ روز لینڈ ریکارڈ سنٹر میں سروسز کے باقاعدہ اجراء کا افتتاح کیا اس موقع پرڈائریکٹر جنرل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق نے منصوبہ کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر وزیراطلاعات،سیاحت وآئی ٹی مشتاق احمد منہاس،وزیرمال سردار فاروق سکندر،ممبر قانو ن ساز اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی،سنیئر ممبر بورڈ آف رونیو فیاض علی عباسی،سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،کمشنرمظفرآبادڈویژن سردار ظفر محمود،ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی حمید کیانی،ایڈ منسٹریٹر جہلم ویلی فرید خان اور دیگر موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹر ائزیشن سے جدید سہولیات کی فراہمی جدید بنیادوں پر ممکن ہوجائیگی۔انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے حصول کیلئے ای گورننس کو یقینی بنا نا ضروری ہے۔لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل اگلے مرحلے میں 10تحصیلوں تک کیا جائے گا۔جبکہ اس سے اگلے مرحلے پر پورے آزادکشمیرکی اراضی کا ریکارڈ مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کر لیا جائے گا جس سے عوام کو سہولت ہوگی اور وہ اپنی زمین کی نقول کیلئے جگہ جگہ جانے سے بچ سکیں گے۔وزیراعظم نے محکمہ مال اور آئی ٹی کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد اس منصوبہ کی تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ سارے آزادکشمیرکے لوگ اس مستفید ہوسکیں۔وزیراعظم نے اس موقع پر ریکارڈ سنٹر کا معائنہ کیا اور منصوبہ کے حوالہ سے محکمہ مال اور آئی ٹی کے آفیسران سے سوالات بھی کیے۔وزیراعظم نے اس عوام دوست منصوبہ پر ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی خالد رفیق اور آئی ٹی ایکسپرٹس کی خدمات کو سراہا۔
